اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف صوبوں، شہروں، اضلاع اور علاقوں سمیت دارالحکومت تہران میں مختلف ریلیوں کا اہتمام کیا گیا اوراسلامی انقلاب کے عظیم بانی حضرت امام خمینی (رح) کو ماہ رمضان کے آخری جمعے کو عالمی یوم القدس قرار دینے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حضرت امام خمینی (رح) کے مقاصد اور مظلوم فلسطینی قوم سے وفاداری کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ایران کے مختلف شہروں میں واقع مختلف مسجدوں اور امام بارگاہوں سے یوم القدس کی ریلیوں کا آغاز ہوا جبکہ دارالحکومت تہران کی ریلی تہران یونیورسٹی میں نماز جمعہ سے قبل اختتام پذیر ہوگی۔
ان ریلیوں کا آغاز صبح 10 بجے ہوا جس کے دوران ایرانی قوم نے اسرائیل مردہ باد، ناجائز صیہونی ریاست مردہ باد اور ھیھات منا الذلہ کے نعرے لگا رہے ہیں۔
ایران کے بہادرعوام نے آج قدس ریلیوں میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے یہ پیغام دیا کہ وہ صرف اپنے قائد اور رہبرحضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے حکم پرلبیک کہتے ہیں اور اسلامی انقلاب کے خلاف کسی بھی سازش کو اپنے اتحاد سے شکست سے دوچار کردیں گے۔
القدس ریلی کی کوریج کے لئے چار ہزار سے زائد ملکی اور غیرملکی صحافی اور نامہ نگار اس موقع پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ حضرت امام خمینی (رح) نے 7 اگست 1979 میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اپنے ایک تاریخی بیان میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔
عالمی یوم القدس دنیا کے مسلمانوں کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کا دن ہے، یہ وہ دن ہے جس میں مسلمان، ناجائز صیہونی ریاست کے انسانیت سوز جرائم کی مذمت کرتے ہیں۔
بیت المقدس، مسلمانوں کا قبلہ اول اور دوسری مقدس مسجد، فلسطینیوں کی حقیقی سرزمین ہے جس پر صیہونیوں نے عالمی سامراجی طاقتوں کی مدد سے 1948 میں ناجائز قبضہ جمایا اور اب تک ہزاروں فلسطینیوں کو شہید اور لاکھوں کو زخمی کیا اس کے علاوہ اب بھی صیہونی جیلوں میں ہزاروں فلسطینی بالخصوص خواتین اور بچے اسیر ہیں۔
.......
/169